
کشی نگر(ڈیلی پاکستان آن لائن)انڈیا کی شمالی ریاست اتر پردیش کے ضلع کُشی نگر میں ایک مدرسے کے اندر موجود پنکھے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اتوار کو 2 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا کیونکہ اس پنکھے پر مبینہ طور پر ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ کا لیبل لگا ہوا تھا۔
خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب پنکھے کی تصویر سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر وائرل ہوئی اور مقامی لوگوں نے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔یہ پنکھا قادریہ حکیم العلوم نامی مدرسے کا تھا۔
تھانہ انچارج نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لینے کے بعد پولیس کو معلوم ہوا کہ پنکھا سعودی عرب سے خریدا گیا تھا اور متعلقہ افراد نے اس کی خریداری سے متعلق دستاویزات حکام کے سامنے پیش کیں۔ پولیس کے مطابق دستاویزات کی تصدیق اور تفصیلی تفتیش کے بعد کوئی شکوک وشبہات باقی نہیں رہے اور اس وجہ سے حراست میں لیے گئے افراد کو رہا کر دیا گیا۔
微信扫一扫 立即联系我们